دہلی تشدد میں ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی، پولیس نے 654 ایف آئی آر درج کیں اور 1820 افراد کو حراست میں لیا
نئی دہلی، مارچ 05— شمال مشرقی دہلی میں گذشتہ ماہ تین روز تک جاری رہنے والے زبردست تشدد میں ہلاکتوں کی تعداد جمعرات کے روز 53 ہوگئی۔ سینکڑوں زخمی افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ یہ تشدد 23 فروری کو شروع ہوا تھا اور 25 فروری تک جاری رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ٹی بی اسپتال نے 44 اموات کی تصدیق کی ہے، آر ایم ایل اسپتال میں 5، لوک نائک اسپتال میں 3 اور جگ پرویش اسپتال میں 1 موت کی تصدیق ہوئی ہے۔
پولیس نے اب تک 654 ایف آئی آر درج کی ہیں۔
موج پور، جعفرآباد، شیو وہار، مصطفی آباد اور برج پوری جیسے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں تشدد کے سلسلے میں پولیس نے اب تک 1820 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
جسمانی نقصان کے علاوہ سینکڑوں گھروں، دکانوں، دفاتر اور گاڑیاں کو تشدد کے دوران نذر آتش کردیا گیا تھا۔
دریں اثنا جمعرات کے روز عام آدمی پارٹی کے کاؤنسلر طاہر حسین کو پولیس نے تشدد کے دوران آئی بی افسر انکت شرما کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔