دہلی تشدد: تمام برادریوں کے تباہ شدہ گھروں اور دکانوں کی مرمت کرے گا دہلی وقف بورڈ، 50 لاکھ روپے جاری کیے

نئی دہلی، مارچ 07- دہلی وقف بورڈ نے گذشتہ ماہ شمال مشرقی دہلی میں تین روزہ طویل تشدد کے دوران تباہ ہونے والی تمام دکانوں اور مکانات کی مرمت کا اعلان کیا ہے۔ دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین اور ایم ایل اے امانت اللہ خان نے مرمت کا کام شروع کرنے کے لیے جمعہ کو 50 لاکھ روپے جاری کیے۔

خان نے ہندی میں جمعہ کی رات ٹویٹ کیا ’’دہلی وقف بورڈ کی تعمیراتی کمیٹی آتش زدہ اور تباہ شدہ دکانوں اور مکانات کی مکمل مرمت کا کام شروع کرے گی، چاہے ان کے مالکان کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ کام شروع کرنے کے لیے آج میں نے کمیٹی کو 50 لاکھ روپے دیے ہیں۔‘‘

 

واضح رہے کہ 23 اور 25 فروری کے درمیان ہونے والے تشدد میں سینکڑوں مکانات اور دکانوں میں لوٹ مار کی گئی اور مشتعل افراد نے بھی انھیں نذر آتش بھی کیا۔ سینکڑوں گاڑیاں بھی نذر آتش ہوگئیں۔