دہلی تشدد: انٹلیجنس بیورو آفیسر انکت شرما کے مرنے کی تازہ اطلاع، اموات کی تعداد 21 ہو گئی
نئی دہلی، فروری 26: انٹلیجنس بیورو (آئی بی) میں کام کرنے والا ایک آفیسر انکت شرما (34) اتوار کے روز شمال مشرقی دہلی میں تشدد کا تازہ ترین شکار بن گیا ہے۔
اس کے ساتھ دہلی میں ہونے والے تشدد میں مرنے والوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
آج اس کی لاش جعفرآباد سے برآمد ہوئی۔
اس کی شناخت انکت شرما کے نام سے ہوئی ہے۔
اس کے جسم پر مار پیٹ کے ساتھ ساتھ ایک گولی کی چوٹ کے بھی نشانات ہیں۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجی گئی ہے۔
ان کے والد رویندر شرما، جو خود بھی آئی بی کے ساتھ کام کرتے ہیں، نے اپنے بیٹے کے قتل میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنما پر شبہ ظاہر کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کا کنبہ منگل سے اس کی تلاش میں تھا جب وہ لاپتہ ہوگیا تھا۔
عہدیداروں کے مطابق اس پر چاند باغ پل پر ہجوم نے حملہ کیا تھا جب وہ منگل کو گھر لوٹ رہا تھا۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے شرما کی موت پر صدمے کا اظہار کیا۔ آج سہ پہر ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا ’’اس طرح کے اذیت ناک جان کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ مجرموں کو بخشا نہیں جانا چاہیے۔ 20 افراد پہلے ہی اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ دہلی کے لوگوں کو تکلیف میں دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے۔ دعا ہے کہ ہم جلد ہی اس سانحے سے ابھر جائیں اور لوگوں اور برادریوں کو ہونے والے نقصانات کی بھرپائی کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔‘‘