حکومت نے تبلیغی سرگرمیوں کے لیے ہندوستان آنے والوں کو سیاحتی ویزا نہ دینے کی ہدایات جاری کیں

نئی دہلی، اپریل 1— حکومت نے کسی بھی ایسے غیر ملکی کو سیاحتی ویزا نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جو تبلیغی سرگرمیوں کے لیے ہندوستان آنا چاہتا ہو۔

ایسا لگتا ہے کہ یہ فیصلے اس بات کے معلوم ہونے کے بعد لیا گیا ہے کہ رواں سال یکم جنوری سے 2100 غیر ملکی افراد سیاحتی ویزا پر آئے تھے اور وہ ملک بھر کے مختلف مقامات میں تبلیغی سرگرمیوں میں شامل تھے۔

سرکاری ایجنسیوں کے مطابق ان میں سے کچھ کو کورونا کے لیے مثبت پایا گیا ہے۔

ان میں سے تقریبا 220 ابھی تک تبلیغی جماعت کے ہیڈ کوارٹر حضرت نظام الدین، نئی دہلی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزارت خارجہ کے بیرون ملک مشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تبلیغی کاموں کے لیے ہندوستان آنے کا ارادہ کرنے والے کسی بھی شخص کو سیاحتی ویزا جاری نہ کرے۔ غیر ملکی مشنوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ویزا کے متلاشیوں کی مالی حیثیت اور ہوٹلوں یا ان جگہوں کا پتہ لگائیں جہاں وہ ہندوستان کے سفر کے دوران ٹھہریں گے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ لاک ڈاؤن کے دوران تبلیغی جماعت کے ہیڈ کوارٹر میں بڑی تعداد میں پھنسے ہوئے افراد کے درمیان غیر ملکیوں کی بھی موجودگی کے تناظر میں لیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکی تبلیغی کارکن صرف سیاحتی ویزا پر ہندوستان آئے تھے۔

حالاں کہ سیاحتی ویزا پر ہندوستان آنے والے کسی بھی شخص کو تبلیغی یا مشنری سرگرمیوں میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

وزارت داخلہ نے تمام ریاستی پولیس سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام غیر ملکی تبلیغی کارکنوں کا ویزا چیک کریں اور ویزا کے شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کریں۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 21 مارچ کو پورے ہندوستان میں 824 غیر ملکی تبلیغی کارکن تھے جب کہ 216 دیگر غیر ملکی تبلیغی نظام الدین میں تبلیغی مرکز میں تھے۔ 28 مارچ کو وزارت داخلہ نے تمام ریاستی پولیس سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ تمام غیر ملکی تبلیغیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کروائیں۔ خط میں یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ مثبت پائے جانے والے افراد کو قرنطینہ اور اسپتال میں داخل کیا جائے۔

وزارت داخلہ کے مطابق اس وقت ملک میں پھنسے ہوئے غیر ملکی تبلیغیوں میں بنگلہ دیش سے 493، انڈونیشیا سے 472، ملیشیا سے 150 اور تھائی لینڈ سے 142 افراد ہیں۔