حفظانِ صحت کے سخت اصولوں کی پابندی کے ساتھ صرف ایک ہزار افراد ہی اس بار حج کر سکیں گے، سعودی عرب نے کیا اعلان
سعودی، جولائی 21: خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ رواں سال حج 29 جولائی کو شروع ہوگا۔
جون میں مملکت نے اعلان کیا تھا کہ اس بار اس نے ایک بہت ہی محدود حج کا انعقاد کیا ہے جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوششوں کے مد نظر صرف ایک ہزار کے قریب مسلمان حجاج کو شامل کیا جائے گا۔
مملکت کی اعلیٰ عدالت نے کہا ’’حج کے اراکین میں عرفات پر حجاج کرام کا ٹھہرنا جمعرات 30 جولائی کو ہوگا۔ لہذا 29 جولائی حج کا پہلا دن ہوگا۔‘‘
عام طور پر ہر سال حج میں تقریباً پچیس لاکھ سے زیادہ لوگ شریک ہوتے ہیں، لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار اس تعداد کو نہ کے برابر رکھا گیا ہے۔
ہندوستان نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وبائی امراض کی وجہ سے اس سال ہندوستانی حجاج حج کے سفر پر نہیں جائیں گے۔ مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر محمد صالح بن طاہر نے ان سے فون پر بات کی اور تجویز پیش کی کہ ہندوستانی عازمین حج کو زیارت کے لیے نہ بھیجا جائے۔
نقوی نے مزید کہا تھا کہ 2.3 لاکھ سے زیادہ حجاج کرام کی درخواست کی رقم براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں بغیر کسی کے کٹوتی کے منتقل کر دی جائے گی۔
اس سال کا حج حفظان صحت کے سخت قواعد و ضوابط کے تحت منعقد ہوگا۔ 65 سال سے کم عمر کے حجاج ہی شریک ہوں گے اور انھیں کوئی بیماری بھی نہیں ہونی چاہیے۔
الجزیرہ نے سعودی وزارت حج کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بار حج طبی پیشہ ور افراد اور ان سیکیورٹی اہلکاروں تک محدود ہے جو وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ حصہ لینے والے افراد کا مکہ مکرمہ پہنچنے سے پہلے کورونا وائرس کا معائنہ کیا جائے گا اور حج سے پہلے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
گلف نیوز کی خبر کے مطابق سعودی عرب میں پیر کو 2،429 نئے کورونا وائرس کے معاملات سامنے آئے، جن سے ریاست میں متاثرین کی کُل تعداد 2،53،349 ہو گئی۔
وہیں سعودی میں اب تک 2،523 افراد اس مرض سے فوت ہوئے ہیں۔