حرم شریف: ذی الحجہ کے پہلے جمعہ میں17 لاکھ عازمین کی شرکت

رواں برس 20 لاکھ عازمین حج کی مکہ مکرمہ آمد متوقع،ایک لاکھ 75 ہزار ہندوستانی عازمین حج بھی شامل

مکہ معظمہ،24 جون :۔

حج کے آغاز میں چند دن مزید باقی ہیں ،دنیا بھر سے عازمین حج مکہ میں پہنچ چکے ہیں ،اس دوران مکۃ المکرمہ میں ہر طرف عازمین حج کا اجتماع نظر آ رہا ہے ۔کورونا کے بعد پہلی مرتبہ ہے جب اتنی بڑی تعداد میں پوری دنیا سے عازمین حج حرم شریف میں پہنچے ہیں ۔ماہ  ذی الحج کے پہلے جمعہ مسجد الحرام میں 17 لاکھ سے زائد عازمین حج نے نماز ادا کی جس کی امامت شیخ اسامہ نے کی۔

سعودی میڈیا کے مطابق ذی الحج کے پہلے جمعے کو سفید احرام میں ملبوس عازمین حج نے نماز جمعہ ادا کی۔ یہ روح پرور منظر براہ راست دنیا بھر میں کروڑوں مسلمانوں نے دیکھا۔

ذی الحج کے پہلے جمعے میں 17 لاکھ عازمین حج نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 75 ہزار ہندوستانی  عازمین حج  بھی شامل تھے۔ خطبہ جمعہ میں امام  حرم نے فریضۂ حج سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی۔ امام حرم نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کے کامل ہونے کی دلیل خود کو مکمل طور پر اللہ کے سپرد کردینا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں عید الاضحیٰ 28 جون کو منائی جائے گی جب کہ یوم عرفہ 27 جون کو ہوگا جس کا خطبہ ڈاکٹر شیخ یوسف بن محمد دیں گے۔ رواں برس 20 لاکھ عازمین حج کی آمد متوقع ہے۔