جی ڈی پی کے اعداد و شمار سب کو خوف زدہ کرنے والے ہیں: رگھو رام راجن
نئی دہلی، ستمبر 7: ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر رگھورام راجن نے آج کہا کہ ہندوستان کی گرتی گھریلو پیداوار کی شرح سے ہر ایک کو خوف زدہ ہونا چاہیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ’’اپنی خوش فہمی سے خوف زدہ‘‘ ہونا چاہیے اور معیشت کو پٹری پر لانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
لنکڈ اِن پر ایک پوسٹ میں راجن نے کہا کہ ہندوستان کی معیشت ریاستہائے متحدہ امریکہ اور اٹلی سے کہیں زیادہ خراب ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا ’’مالی سال 2020-21 کی پہلی سہ ماہی کے لیے حال ہی میں جاری کی جانے والی جی ڈی پی کی شرح سے ہم سب کو خوف زدہ ہونا چاہیے۔‘‘
راجن نے متنبہ کیا کہ جب تک کورونا وائرس کو قابو نہیں کیا جاتا تب تک ہندوستان میں معاشی معاملات کمزور رہیں گے۔
سابق آر بی آئی گورنر نے کہا کہ مرکز کے امدادی اقدامات ناکافی تھے۔ راجن نے کہا کہ حکومت موجودہ وقت میں مزید کام کرنے سے گریزاں ہے کیوں کہ وہ مستقبل میں کسی ممکنہ محرک کے لیے وسائل کا تحفظ کرنا چاہتی ہے۔
راجن نے کہا ’’یہ حکمت عملی خود کو شکست دینے والی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ہندوستان اب کورونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا دوسرا بدترین ملک ہے۔ اس نے 42،04،614 کیسوں کے ساتھ برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہندوستان میں اس مرض سے اب تک 71،000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔