جھارکھنڈ: ہیمنت سورین نے لیا جھارکھنڈ کے گیارہویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف
نئی دہلی، 29 دسمبر— جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے صدر ہیمنت سورین نے اتوار کے روز رانچی کے مرادآبادی گراؤنڈ میں جھارکھنڈ کے 11 ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ جولائی 2013 میں پہلی بار ریاست کے وزیر اعلی بننے کے بعد یہ ان کا دوسرا موقع ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں کانگریس رہنما راہل گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، سی پی آئی (ایم) کے رہنما سیتارام یچوری، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ، آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو، ڈی ایم کے کے صدر ایم۔ کے۔ اسٹالن، ڈی ایم کے ممبر پارلیمنٹ کنیموزی اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ شامل تھے۔
واضح رہے کہ ریاست میں مخلوط حکومت میں کانگریس جے ایم ایم کے ساتھ اتحاد کی شراکت دار ہے۔
گورنر دروپدی مرمو نے ہزاروں کانگریس، آر جے ڈی، جے ایم ایم ، جے وی ایم پی اور سی پی آئی – ایم ایل کارکنان کی موجودگی میں سورین سے حلف لیا۔
کانگریس قانون ساز پارٹی کے رہنما عالمگیر عالم، جھارکھنڈ کانگریس کے صدر رمیشور اورن اور اکیلے آر جے ڈی کے ممبر اسمبلی ستیانند بھوکٹا نے بھی بطور وزیر حلف لیا۔
44 سالہ ہیمنت سورین 2010 میں ارجن منڈا کی زیرقیادت بی جے پی حکومت میں نائب وزیر اعلی تھے۔ تاہم انھوں نے جنوری 2013 میں بی جے پی حکومت سے حمایت واپس لے لی اور چھ مہینے کے صدر راج کے بعد 2013 میں پہلی بار وزیر اعلی بنے۔
جھارکھنڈ اسمبلی میں 81 کے ایوان میں کانگریس، جے ایم ایم اور آر جے ڈی اتحاد نے کل 47 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ہیمنت سورین کو جے وی ایم پی اور سی پی آئی – ایم ایل کی بھی حمایت حاصل ہے جن کے پاس بالترتیب تین اور ایک ممبر قانون ساز ہیں۔