جھارکھنڈ پولیس نے شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہرین کے خلاف بغاوت کے کیس خارج کیے

رانچی، جنوری 9— جھارکھنڈ پولیس نے 7 جنوری کو ضلع دھنباد میں واسے پور کے 3،000 پرامن سی اے اے مخالف مظاہرین کے خلاف درج بغاوت کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

یہ قدم وزیر اعلی ہیمنت سورین کی ہدایت کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

دھنباد کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے، جنھوں نے صورت حال کو گہرائی سے سمجھے بغیر بغاوت کے مقدمات درج کیے۔ انھیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں ان سے یہ پوچھتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہیں کی جانی چاہیے۔

سورین نے 8 جنوری کو ایک ٹویٹ میں کہا  "دھنباد میں 3000 افراد پر لگائے گئے بغاوت کے الزام کو ختم کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں اور قصوروار افسر کے خلاف مناسب کاروائی کی سفارش کی گئی ہے۔”

وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا ’’قانون لوگوں کو خوفزدہ کرنے اور ان کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے نہیں ہے بلکہ انھیں سلامتی کا احساس دلانے کے لیے ہے۔ میری قیادت میں حکومت کے تحت قوانین لوگوں کی آواز بلند کرنے کے لیے کام کریں گے۔… نیز میں جھارکھنڈ کے تمام بھائیوں/بہنوں سے بھی اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ ریاست آپ کی ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم یہاں امن و امان کا احترام کریں۔”

کانگریس کے ایم ایل اے ڈاکٹر عرفان انصاری نے وزیراعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے مظاہرین پر سے بغاوت کے الزام کو مسترد کرنے کی اپیل کی تھی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ دھنباد نے ایک خط لکھ کر ایس ایچ او سے فوری طور پر عدالت کے سامنے اصلاحی خط منتقل کرنے کے لیے کہا تاکہ آئی پی سی کے سیکشن 124 اے کو ایف آئی آر سے ہٹایا جاسکے۔

پولیس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف سڑک روکنے اور نعرے بازی کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔

ایس پی نے اپنے خط میں کہا ’’نامعلوم ایف آئی آر میں دفعہ 124 اے کو شامل کرنے کا بظاہر کوئی جواز نہیں ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ایف آئی آر بغیر کسی ذہن کے استعمال کے دائر کی گئی تھی جو آپ کے لاپرواہ رویے اور ایک افسر کی حیثیت سے نااہلی کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘

ایس پی نے حکم دیا "آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ تین دن کے اندر اس کی وضاحت کرتے ہوئے اپنا ردعمل پیش کریں، اس میں ناکام رہتے ہیں تو آپ کے خلاف ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”