جھارکھنڈ حکومت نے این آر سی اور این پی آر کے خلاف قرارداد منظور کی

رانچی، مارچ 23: جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی زیرقیادت ریاستی اتحادی حکومت، جس میں کانگریس اور آر جے ڈی دو اہم حلیف ہیں، نے مجوزہ این آر سی کے خلاف ایک قرارداد منظور کی ہے۔

ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت سے قومی آبادی کے اندراج (این پی آر) کو بھی موجودہ شکل میں نافذ نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ بلکہ اسے 2010 کی شکل میں کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔

کانگریس کے رہنما اور پارلیمانی امور کے وزیر عالمگیر عالم نے جھارکھنڈ اسمبلی کے سکریٹری کو 23 مارچ کو ایک نوٹ میں کہا ’’ریاستی اسمبلی مرکزی حکومت سے 2010 کی شکل میں این پی آر کی مشق کرنے اور این آر سی پر عمل درآمد نہ کرنے کی درخواست کرتی ہے۔‘‘

پچھلے دو مہینوں میں تقریباً چھ ریاستوں کی اسمبلیاں پہلے ہی اس طرح کی قرارداد پاس کرچکی ہیں – کیرالہ ایسا کرنے والی سب سے پہلی ریاست تھی۔ دوسری جن ریاستوں نے یہ کام کیا ہے ان میں راجستھان، پنجاب، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال شامل ہیں۔