جنگ آزادی کی طرح لڑنی ہوگی نئے شہریت قانون کے خلاف جنگ: ہرش مندر
نومنظور شہریت قانون 2019 کے خلاف آج راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر کئی معروف سماجی کارکنوں نے اس قانون کے خلاف اپنی بات رکھی۔ اس احتجاجی مظاہرہ میں سابق آئی اے ایس افسر ہرش مندر بھی موجود تھے۔ انھوں نے وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نفرت کے خلاف لڑ رہے ہیں، ہمیں آزادی کی لڑائی کی طرح سی اے بی (اب شہریت قانون) کے خلاف لڑنا ہوگا۔ ہم کھل کر اس قانون کی مخالفت کرتے ہیں۔ ہمیں یہ قانون بار بار توڑنا ہے۔ اس قانون کو توڑنے کی سزا بھی قبول کرنی ہوگی۔ ایک بھی مسلمان کی شہریت چھینی جائے گی تو ہم سبھی کو مل کر ڈیٹنشن سنٹر جانا ہوگا۔‘‘
ہرش مندر نے اپنی بات لوگوں کے سامنے رکھتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’حکومت کی دشمنی مسلمانوں سے، بایاں محاذ نظریہ رکھنے والوں سے اور آئین سے ہے۔ اس حکومت نے آئین کو منہدم کر دیا ہے۔ اس ملک کے ہندو ’بائے چانس‘ انڈین ہیں جب کہ مسلمان ’بائے چوائس‘ یعنی اپنی پسند سے انڈین ہیں۔ اس لیے ان پر کوئی شک مت کیجیے۔ میں اس قانون کے خلاف خود کو سرکاری دستاویزوں میں مسلمان اعلان کروں گا۔‘‘