جموں و کشمیر: علاحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا
سرینگر، جون 29: علاحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی نے آج کل جماعتی حریت کانفرنس سے علاحدگی اختیار کرنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ 90 سالہ رہنما 1993 سے کانفرنس کا حصہ تھے اور 2003 میں اس کے تاحیات چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
گیلانی نے اپنے استعفے کی مخصوص وجوہات کا ذکر نہیں کیا ہے۔ گیلانی نے ایک آڈیو پیغام میں کہا ’’موجودہ صورت حال کے پیش نظر میں کل جماعتی حریت کانفرنس سے استعفیٰ دیتا ہوں۔ میں نے اپنے اس فیصلے کے بارے میں حریت کے تمام حلقوں کو آگاہ کردیا ہے۔‘‘
معلوم ہو کہ حریت کانفرنس آزادی کے حامی سیاسی جماعتوں اور سماجی و سیاسی مذہبی تنظیموں کا اتحاد ہے۔