جموں و کشمیر: ضلع کپوارہ میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو اور فوجی ہلاک
سرینگر، اپریل 6: جموں و کشمیر کے ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پیر کے روز ہندوستانی فوج کے دو مزید فوجی ہلاک ہوگئے۔ اس آپریشن میں اتوار کے روز بھی ایک فوجی ہلاک ہوگیا تھا جب کہ دو شدید زخمی ہوئے تھے۔
اتوار کے روز فوج نے کیران سیکٹر میں 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا، جنھوں نے کشمیر کے ہندوستانی حصے میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ عسکریت پسند شمسابری رینج سے ہندوستانی حدود میں داخل ہوئے تھے اور وہ "گجر ڈھوک” یا سیکٹر کے پوسوال علاقے میں خانہ بدوشوں کے لیے عارضی پناہ گاہ میں چھپے ہوئے تھے۔
دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ’’شمالی کشمیر کے کیران سیکٹر میں دراندازی کے خلاف جاری آپریشن میں موسم کی خرابی اور مخالف خطے کی شدت کے باجود چوکنا فوجیوں نے اب تک پانچ دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتہ کی صبح بھی ضلع کولگام میں حزب المجاہدین کے چار عسکریت پسند ایک مقابلے میں مارے گئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ عسکریت پسند جنوبی کشمیر میں شہریوں کی حالیہ ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔