جماعت اسلامی ہند نے حکومت سے پرائیویٹ اسکول کے اساتذہ کی وزیر اعظم کیئرس فنڈ کے ذریعے مدد کی درخواست کی
نئی دہلی، جولائی 19: ہندوستان کی ممتاز مسلم تنظیم جماعت اسلامی ہند نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پرائیویٹ اسکول کے اساتذہ کو وزیر اعظم کیئرس فنڈ سے امداد فراہم کریں یا ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی اور اسکیم شروع کریں۔
جماعت اسلامی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ محکمہ پی ایف/ای پی ایف او نجی اسکولوں کے اساتذہ کو تین سال کے لیے بلا سود قرض دے۔
جماعت نے کہا ’’حکومت کو چھوٹے نجی اسکولوں کو بھی بلا سود قرضوں کی پیش کش کرنی چاہیے، جیسا کہ اس نے ایم ایس ایم ای قرض کی بنیاد پر ایک اسکیم تشکیل دی ہے۔‘‘
یہ تجاویز جماعت اسلامی ہند کے سنٹرل ایجوکیشنل بورڈ کی جانب سے مرکزی انسانی وسائل کے وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال کو لکھے گئے ایک خط میں پیش کی گئی ہیں۔
جماعت نے کہا کہ یہ تجاویز پورے ملک میں وبائی امراض کے بحران کے دوران تعلیمی اداروں اور نظام تعلیم کی راہ ہموار کرنے کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
وزارت کو ایک خط میں جماعت کے مرکزی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نصرت علی نے تجویز پیش کی ہے ہندوستان میں تعلیم کے نظام پر کورونا وائرس کے منفی اثرات پر قابو پانے کے لیے ماہرین کی طرف سے اس مسئلے پر وسیع غور و فکر کے بعد یہ مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں۔
جماعت اسلامی نے حکومت کو گھریلو تعلیم کے لیے ایک ایسا نظام تیار کرنے کی تجویز دی ہے، جو باقاعدہ اور سہل ہو۔