تمل ناڈو میں سات اعلیٰ ذات کے افراد نے دلت شخص کو ان کے پاؤں پر گرنے کے لیے مجبور کیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزمین کو کیا گرفتار

تمل ناڈو، اکتوبر 13: دی کوئنٹ کی خبر کے مطابق تھوتھوکڑی پولیس نے تھیور برادری سے تعلق رکھنے والے سات افراد کو ایک دلت چرواہے کو ان کے قدموں میں گر کر معافی مانگنے پر مجبور کرنے کے لیے گرفتار کیا ہے۔

اگرچہ یہ واقعہ 8 اکتوبر کو پیش آیا تھا لیکن ایک رپورٹ کے مطابق اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ منظر عام پر آیا۔

ممبر پارلیمنٹ اور وی سی کے کے چیف تھول تھیرومولون نے سوشل میڈیا پر 10 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ نشان دہی کی تھی کہ ذات پات پر مبنی مظالم شمالی ہندوستان سے ہی مخصوص نہیں ہیں بلکہ تمل ناڈو میں بھی ہوتے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متاثرہ شخص کی شناخت 60 سالہ پال راج کے نام سے ہوئی، جو تھوتھوکڑی ضلع کے کیتھر تالک کے ایک گاؤں سے ہے۔ اس کے پاس 100 کے قریب بکریاں اور بھیڑیں ہیں جو اس کا ذریعۂ معاش ہیں۔