تلنگانہ نے سی اے اے-این آر سی-این پی آر کے خلاف قرارداد پاس کی

حیدرآباد، 16 مارچ: تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی نے پیر کو متفقہ طور پر شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی آبادی کے رجسٹر (این پی آر) کی موجودہ شکل کی مخالفت میں قرارداد پاس کی۔ قرار داد کسی بھی مذہب یا ملک سے متعلق تمام حوالہ جات کو دور کرنے کے لیے مرکز سے سی اے اے میں ترمیم کرنے کی اپیل کرتی ہے۔ اس نے قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے مجوزہ عمل درآمد پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں "لوگوں کی بڑی تعداد کو خارج کر دیا جاسکتا ہے”۔

پیر کو وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا "ہندوستان کے لوگوں کے ایک بڑے طبقے میں پائے جانے والے خدشات کے پیش نظر تلنگانہ کی قانون ساز اسمبلی نے ہندوستان کی حکومت سے کسی بھی مذہب یا کسی دوسرے ملک سے متعلق تمام حوالہ جات کو ختم کرنے کے لیے شہریت ترمیمی ایکٹ 2019 میں ترمیم کرنے کی اپیل کی ہے۔” حکومت نے کہا کہ تینوں مشقوں کی قانونی حیثیت اور آئینی نوعیت کے بارے میں سنگین سوالات اور درست خدشات ہیں۔ قرارداد نے عوام میں پائی جانے والی الجھنوں اور حقیقی خدشات کو اجاگر کیا۔

تلنگانہ اسمبلی سی اے اے اور این پی آر کی مخالفت کرنے والی سیریز میں ساتویں نمبر پر ہے۔ اس سے پہلے کیرالہ، پنجاب، راجستھان، مغربی بنگال، دہلی اور بہار کی اسمبلیوں نے بھی ایسی ہی قراردادیں منظور کی ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے "یہ ایوان تلنگانہ کی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ تلنگانہ کے عوام کو این پی آر اور این آر سی جیسی مشقوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔”

ایم آئی ایم اور کانگریس نے اس قرارداد کی حمایت کی، وہیں اسمبلی میں بی جے پی کے تنہا ممبر ٹی راجہ سنگھ نے قرارداد کی کاپی پھاڑ دی، اسپیکر کے پوڈیم پر پہنچے اور تلنگانہ کی عوام سے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر پر "جھوٹ” بولنے کے لیے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔