مدھیہ پردیش کی حکومت تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو زراعت کے لیے دے گی زمین
مدھیہ پردیش حکومت تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو فصل اگانے کے لیے زمین دینے کے لیے پالیسی بنانے جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے منگل کے روز متعلقہ محکمہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو فصلوں کے لیے زمین کے استعمال کا حق دینے سے متعلق نئی پالیسی جلد بنانے کی ہدایت دی ہے۔
ایڈمنسٹریشن ذرائع کے مطابق ریاست میں ایسی سرکاری زمینوں کو نشان زد کیا جائے گا جہاں پانی کا انتظام ہو۔ اس زمین پر محدود زراعت مثلاً پھول-پھل، سبزیاں اور ایکزوٹک فصلیں آرنامینٹل نرسری کے ساتھ ہی ٹیشو کلچر وغیرہ اُگائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے بے روزگاروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ہی طے کیا ہے کہ نشان زد زمین تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو دی جائے تاکہ وہ اس کے ذریعہ اپنے لیے روزگار کے وسائل تیار کر سکیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں وزیر اعلیٰ باغبانی فوڈ پروسیسنگ منصوبہ کے ذریعہ آرکڈ پارک قائم کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ پھولوں کی کھیتی کو فروغ دینے کے لیے پڑھے لکھے نوجوانوں کو انڈسٹریل ڈیولپمنٹ سنٹر کے ذریعہ سے ایک ایکڑ سے ڈھائی ایکڑ تک زمین کے تیار کردہ پلاٹ الاٹ کیے جائیں گے۔ ان میں سڑک، بجلی، پانی وغیرہ کا انتظام بھی حکومت کے ذریعہ کرایا جائے گا۔
حکومت نے نوجوانوں کو باغبانی والی فصلوں کے لیے زمین دینے کے منصوبہ پر کام شروع کیا ہے۔ یہ زمین کس بنیاد پر، کس نوجوان کو اور کتنے وقت کے لیے دی جائے گی، اس کا خاکہ تیار کرنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کمل ناتھ حکومت ایک طرف کسانوں کا دو لاکھ روپے تک کا قرض معاف کر رہی ہے تو دوسری طرف شہری نوجوانوں کے لیے ’یوا سوابھیمان یوجنا‘ شروع کی گئی ہے۔ اس منصوبہ میں نوجوانوں کو سال میں 100 دن کا کام دیا جا رہا ہے جس کے تحت انھیں ہر ماہ 4 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ 13 ہزار روپے ملیں گے۔
(ایجنسیاں)