بی جے پی نے منوج تیواری کو پارٹی کے دہلی یونٹ کی صدارت سے برطرف کیا، آدیش کمار گپتا کو ملا یہ عہدہ
نئی دہلی، جون 2: بھارتیہ جنتا پارٹی نے منگل کو اداکار سے سیاست دان بنے منوج تیواری کی جگہ آدیش کمار گپتا کو دہلی کا ریاستی سربراہ مقرر کیا۔ اس فیصلے کا اعلان بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کیا۔
گپتا شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی تقرری فوری اثر کے ساتھ ہوگی۔
تیواری کو سنہ 2016 میں بھگوا پارٹی کی دہلی یونٹ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم ان کی قیادت میں پارٹی فروری میں دہلی اسمبلی انتخابات جیتنے میں ناکام رہی۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے 70 میں سے 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جب کہ بی جے پی نے صرف آٹھ نشستیں حاصل کیں۔
گذشتہ ماہ تیواری کو ریاست ہریانہ کے سونی پت ضلع میں کورونا وائرس پر لگام لگانے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے درمیان کرکٹ کھیلتے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ اروند کیجریوال حکومت نے تیواری پر الزام لگایا تھا کہ وہ غریب اور پھنسے ہوئے تارکین وطن مزدوروں کی حالت زار پر غیر حساس ہے۔