بی جے پی نے اعلیٰ پارلیمانی کمیٹی کو پی ایم کیئرس فنڈ اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے اقدامات کا جائزہ لینے سے روکا
نئی دہلی، جولائی 11: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی یا پی اے سی، جو کہ ایک بہت ہی اہم پارلیمانی پینل
ہے اور آڈیٹر جنرل کی اہم رپورٹس کی جانچ پڑتال کرتا ہے اور ماضی میں 2 جی اسپیکٹرم اسکینڈل جیسے معاملات اٹھاچکا ہے، جمعہ کے روز کوویڈ 19 وبائی مرض یا بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کے رد عمل یا وزیر اعظم کیئرس فنڈ کے قیام کی جانچ پڑتال پر اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہا۔
کمیٹی کے چیئرمین ادھیر رنجن چودھری، جو لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے رہنما بھی ہیں، نے ممبران سے اپیل کی کہ وہ قوم کے بارے میں سوچیں اور اپنے ضمیر کے ساتھ کام کریں اور اہم موضوع پر اتفاق رائے حاصل کریں۔
تاہم ذرائع کے مطابق حکمراں بی جے پی کے ممبران حکومت سے کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے معاملے کی جانچ کی مسٹر چودھری کی تجویز کو روکنے کے لیے پینل کی میٹنگ میں پوری طاقت کے ساتھ سامنے آئے۔
بی جے پی کو سب سے بڑا سہارا بیجو جنتا دل کے رہنما بھرتھوہاری مہتانی سے ملا۔
اپوزیشن کے کچھ رہنماؤں نے دعوی کیا ہے کہ کوویڈ 19 وبائی امراض کے تعلق سے حکومت کے رد عمل کی جانچ پڑتال کی تردید کرنے کی وجہ یہ ہے کہ بی جے پی کو وزیر اعظم کیئرس فنڈ پر گہری نظر پڑنے کا ڈر ہے، جو ہندوستان کے کنٹرولر اور آڈیٹر جنرل یعنی سی اے جی کے آڈٹ کے تحت نہیں ہے۔
حکمراں جماعت نے، جو پینل میں اکثریت میں ہے اور سینئر رہنما بھوپندر یادو کی سربراہی میں ہے، مسٹر چودھری کی جانب سے وزیر اعظم کیئرس فنڈ کو جانچ پڑتال کے لیے منتخب کرنے کی کوشش کو روک دیا اور کہا کہ اس کی فنڈنگ کو پارلیمنٹ نے منظور نہیں کیا ہے، لہذا کمیٹی یہ معاملہ نہیں اٹھا سکتی۔
حکومت نے کہا ہے کہ انفرادی اور نجی شعبے کے عطیات پر مشتمل قومی ہنگامی صورت حال سے مقابلے کے لیے قائم کیا گیا وزیر اعظم کیئرس فنڈ حکومت کے آڈیٹر کے ذریعے نہیں دیکھا جائے گا بلکہ ’’آزاد‘‘ آڈیٹرز کے ذریعے دیکھا جائے گا۔
یہ پہلا موقع تھا جب پی اے سی نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ملاقات کی اور دیگر کمیٹیوں کے برعکس جہاں ممبران کی موجودگی کم تھی، بی جے پی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ وہاں تقریباً مکمل طور پر شرکت کی جائے۔
اس فیصلے کے ساتھ ہی کلیدی پارلیمانی کمیٹی اس بات کی جانچ پڑتا کرنے سے قاصر ہو گئی ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوری حکومت اس وبائی بحران سے کیسے نمٹ رہی ہے۔