بی جے پی رہنما نے سلطان پور میں سی آر پی ایف جوان نور کلیم کے زیر تعمیر مکان کو مسمار کردیا
لکھنؤ، اگست 10: بی جے پی کے ایک رہنما شرون مشرا، جو سلطان پور ضلع کے کدی پور بلاک کے بی جے پی بلاک پرمکھ ہیں، نے جمعہ کے روز کشمیر میں تعینات ایک سی آر پی ایف جوان کے زیر تعمیر مکان کو مسمار کردیا۔
یہ واقعہ تھانہ گوسی گنج کے ماتحت گاؤں شیخ پور میں پیش آیا۔ یہ علاقہ سلطان پور لوک سبھا حلقہ میں آتا ہے، جس کی نمائندگی بی جے پی کی رہنما مانیکا گاندھی کرتی ہیں۔
پولیس نے مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ تاہم اس کی گرفتاری ابھی باقی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی آر پی ایف کے جوان نور کلیم نے گاؤں میں سڑک کے کنارے زمین کا ایک ٹکڑا خریدا تھا اور وہاں اپنے گھر کی تعمیر شروع کردی تھی۔ سی آر پی ایف جوان کے ذریعے خریدا گیا پلاٹ مشرا سے تعلق رکھنے والی ایک زرعی اراضی سے ملحق ہے۔
Dabangs in Sultanpur district, UP, demolish an under-construction house of an army man. pic.twitter.com/GaGk0erTGy
— syed khalique ahmed (@syahmed) August 9, 2020
جوان نے عمارت کی بنیاد رکھی تھی اور اسٹیل، کنکریٹ اور سیمنٹ کا استعمال کرکے گھر کا کالم اور ڈھانچہ بنا رہا تھا۔
اس واقعے کے بارے میں بیان کرتے ہوئے سی آر پی ایف جوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میں اپنے خریدے ہوئے پلاٹ پر اپنے گھر کی تعمیر کر رہا تھا۔ جمعہ کی سہ پہر ایک بجے کے لگ بھگ بی جے پی رہنما شرون مشرا، جو کدی پور بلاک کے بی جے پی کے بلاک پرمکھ ہیں، اپنے درجن بھر حامیوں کے ساتھ آئے، جن میں سے کچھ بندوقوں اور رائفلوں سے لیس تھے اور زیر تعمیر دیوار کو منہدم کرکے ستونوں کو توڑ ڈالا اور مزدوروں اور معمارو کو بری طرح سے پیٹا۔ انھوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر میں یہاں اپنا گھر تعمیر کرنے کی جرأت کرتا ہوں تو وہ مجھے ’’دفن‘‘ کر دیں گے۔‘‘
انھوں نے مزید بتایا ’’میں کشمیر میں تعینات ایک سی آر پی ایف جوان ہوں۔ میرے تین بھائی اور ایک بھتیجا ہندوستانی فوج میں ہیں۔ میں ایک نظم و ضبط والا سپاہی ہوں۔ لہذا میں نے مشرا کے غیر قانونی کام پر جواب دیا نہیں دیا ہے۔ مجھے قانون پر مکمل اعتماد ہے اور میں مطالبہ کرتا ہوں کہ مقامی انتظامیہ کو ان بدمعاشوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔‘‘
سلطان پور پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر (پی آر او) پروین کمار یادو سے رابطہ کیا گیا تو اس نے تصدیق کی۔ اس نے کہا ’’مشرا اور اس کے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس ملزموں کی تلاش کر رہی ہے۔‘‘
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حکمراں پارٹی سے تعلق رکھنے والے غنڈوں سے براہ راست خطرہ ہونے کی وجہ سے سی آر پی ایف جوان اپنا مکان تعمیر کر سکے گا؟ یادو نے کہا ’’کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ کوئی بھی CRPF کے آدمی کو اپنی سرزمین پر اپنا گھر بنانے سے نہیں روک سکتا۔‘‘