بی جے پی ایم ایل اے، سی ایم او نے عدالت میں جعلی کوویڈ 19 رپورٹ پیش کی، عدالت کے حکم پر مقدمہ درج
سنت کبیر نگر (اتر پردیش)، 27 دسمبر: مہدوال کے بی جے پی ایم ایل اے راکیش سنگھ بگھیل اور سنت کبیر نگر کے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ڈاکٹر ہرگو گووند سنگھ کے خلاف جعلی کوڈ رپورٹ تیار کرنے پر عدالت کے حکم پر دھوکہ دہی اور جعلسازی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ہفتے کے روز کوتوالی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج، ایم پی/ایم ایل اے عدالت، دیپکانت منی کے حکم کے مطابق جب ایم ایل اے سے عدالت میں زیر سماعت ایک مقدمے میں ان غیرموجودگی کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے جعلی کوویڈ مثبت رپورٹ پیش کی۔ عدالتی کارروائی اس مقدمے میں آگے نہیں بڑھ رہی ہے کیوں کہ پچھلے چار سالوں سے ایم ایل اے عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ جب عدالت نے اسے طلب کیا تو اس نے ایک جعلی کوویڈ رپورٹ پیش کی۔
خبر کے مطابق سی ایم او کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ ایم ایل اے کوویڈ کے لیے نجی ٹیسٹ کے بعد گھر پر قرنطینہ میں ہے۔ تاہم قرنطینہ ٹیم کے ممبر ڈاکٹر ویویک کمار سریواستو نے عدالت کو بتایا کہ گھر پر قرنطینہ کے دوران ممبر اسمبلی گھر پر موجود نہیں تھا اور وہ اس کا فون بھی بند تھا۔
خلیل آباد کوتوالی کے انچارج منوج کمار پانڈے نے کہا ’’دفعہ 419 (دھوکہ دہی)، 420 (دھوکہ دہی اور بے ایمانی)، 467 (قیمتی دستاویز کی جعلسازی)، 468 (دھوکہ دہی کے مقصد کے لیے جعلسازی) کے تحت ایم ایل اے راکیش سنگھ بگھیل اور سی ایم او ڈاکٹر ہرگوود سنگھ کے خلاف عدالت کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘‘