بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لیا، امکان ہے کہ این ڈی اے کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات لڑیں گے

پٹنہ، ستمبر 23: ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق بہار کے ڈسٹرکٹ کمشنر آف پولیس گپتیشور پانڈے نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔

منگل کی شام بہار کے گورنر نے پانڈے کی درخواست کو منظور کرلیا اور محکمۂ داخلہ نے اس کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس اینڈ فائر سروسز سنجیو کمار سنگھل اگلے احکامات تک پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔

متعدد میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پانڈے کے ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات لڑنے کا امکان ہے۔

نامعلوم عہدیداروں نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ پانڈے شاید بکسر شہر یا ضلع کی کسی بھی دوسری سیٹ سے این ڈی اے کے ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گے۔ تاہم پانڈے نے ابھی تک باضابطہ طور پر اس کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

پانڈے نے، جو اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات میں شامل تھے، حال ہی میں اس معاملے کی ایک اہم ملزم اداکارہ ریا چکرورتی کے بارے میں اپنے جنس پرست تبصرے پر تنازعہ کھڑا کردیا تھا۔

پانڈے نے کہا تھا کہ اداکارہ کی بہار کے وزیر اعلی کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے کی ’’اوقات‘‘ نہیں ہے۔

چکرورتی نے بہار حکومت پر راجپوت کی موت پر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

پانڈے 1987 بیچ کے ہندوستانی پولیس سروس افسر ہیں۔