بہار کے عامر حنظلہ کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی: سورج کمار سنگھ

مظفرپور: شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی مخالف مظاہرے کے دوران پولیس کی طرف سے کی گئی زیادتیوں کے خلاف ”انصاف منچ بہار” اور ”سی پی آئی ایم ایل” کی جانب سے بہار میں ریاست گیر احتجاج کیا گیا۔ اسی ضمن میں پھلواری شریف میں عامر حنظلہ کے قتل اور اورنگ آباد میں پولیس کی بربریت کے خلاف مظفرپور میں ایک احتجاجی مارچ بھی نکالا گیا۔ انصاف منچ کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کر کے یہ اطلاع دی گئی۔

واضح رہے کہ 21 دسمبر کو شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف ”بہار بند” کے موقع پر پٹنہ کے پھلواری شریف میں اس وقت ایک طالب علم عامر حنظلہ لاپتہ ہو گئے تھے۔ بعد میں ان کی لاش گزشتہ 30 دسمبر کو رات دس بجے انتہائی خراب حالت میں برآمد ہوئی۔ پولیس کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی تدفین عمل میں آئی۔

عامر حنظلہ کی شہادت سے پورے بہار بالخصوص پھلواری شریف، پٹنہ کے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ اسی طرح بہار کے اورنگ آباد میں بھی پولیس نے مسلمانوں کے گھروں میں داخل ہوکر لوٹ کو انجام دیا تھا۔ نیز پولیس نے لوگوں کے ساتھ تشدد بھی کیا تھا۔

سی پی ایم آئی ایل کے رکن اسمبلی سداما پرسد اور انصاف منچ بہار کے ریاستی سیکریٹری قیوم انصاری وغیرہ کی قیادت میں ایک جانچ ٹیم نے عامر حنظلہ کے والد سہیل عباسی اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ٹیم نے شہید عامر حنظلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے والد اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر انصاف منچ بہار کے ریاستی صدر سورج کمار سنگھ نے کہا کہ عامر حنظلہ کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کا خون رنگ لائے گا۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عامر حنظلہ کے قاتلوں کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے۔

وہیں سی پی آئی ایم ایل مظفرپور کے ضلع سیکریٹری کرشن موہن  نے کہا کہ یہ قتل انتظامیہ کی ناکامی ہے۔ اور افسوس کی بات ہے کہ اب تک وزیر اعلیٰ نے ایک پریس بیان تک جاری نہیں کیا۔

انھوں نے شہید عامر حنظلہ کے والد کو پچیس لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے اور گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔

اس موقع پر پروفیسر اروند کمار ڈے، منوج یادو، رام شکل رام، انصاف منچ مظفرپور کے ضلع صدر فہد زماں، اکبر اعظم صدیقی، مطلوب الرحمن، آئیسا لیڈر راہل سنگھ، دیپک کمار، وکیش کمار سنگھ، کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ مارچ میں شامل ہوئے۔

(ایجنسیاں)