بہار میں لوگ نوکریوں کے لیے اپنے ضلع مجسٹریٹ سے رجوع کرسکتے ہیں: نتیش کمار
بہار، اپریل 1: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج اعلان کیا کہ جنھیں بھی ریاست میں ملازمت کی ضرورت ہے وہ اپنے ضلع مجسٹریٹ سے رجوع کرسکتے ہیں اور انھیں مقامی پنچایت میں کام سونپا جائے گا۔ تاہم یہ حکم 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں پر لاگو نہیں ہوگا۔
بہار حکومت نے دوبارہ بحالی کے لیے تعمیراتی منصوبوں کو بھی مختص کیا۔ یہ فیصلہ تمام اعلی انتظامیہ اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی میٹنگ کے بعد کیا گیا ہے۔
کمار نے کہا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کے تحت منصوبوں کو کچھ پابندیوں کے باوجود دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے خاتمے، تمام گھرانوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تالابوں کی تزئین و آرائش، پانی کی نکاسی کے نظام اور ریاست کے دیہی علاقوں کی سڑکوں سے متعلق کام بھی دوبارہ سرکاری نگرانی میں شروع ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے دیگر ریاستوں میں پھنسے ہوئے بہار کے لوگوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلی ریلیف فنڈ سے 50 کروڑ روپیے کی اضافی رقم جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس رقم کا استعمال ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کرے گا۔
26 مارچ کو نتیش کمار نے دوسری ریاستوں میں پھنسے ہوئے بہار کے تارکین وطن مزدوروں کو ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے امدادی فنڈ سے 100 کروڑ روپیے کی رقم جاری کی تھی۔ بہار حکومت ریاست کے غریب لوگوں کو ان کے بینک کھاتوں میں ایک ایک ہزار روپے کی خصوصی مدد منتقل کرکے مالی مدد فراہم کررہی ہے۔ وہ کارکنوں کو کھانا، رہائش اور راشن کی فراہمی کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں امدادی مراکز بھی چلا رہی ہے۔