بہار اسمبلی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کرنے والی پی آئی ایل مسترد، سپریم کورٹ نے کہا کہ وبائی امراض انتخابات ملتوی کرنے کا سبب نہیں ہو سکتے
نئی دہلی، اگست 29: جمعہ کو سپریم کورٹ نے کوویڈ 19 کی وجہ سے بہار اسمبلی انتخابات کو مؤخر کرنے کی درخواست پر مشتمل پی آئی ایل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی امراض انتخابات ملتوی کرنے کی بنیاد نہیں ہوسکتے۔
جسٹس اشوک بھوشن کی سربراہی میں بنچ نے درخواست گزار اویناش ٹھاکر سے کہا ’’ہم ہندوستانی الیکشن کمیشن سے انتخابات کس انعقاد نہ کرنے کے لیے کس طرح کہہ سکتے ہیں؟ انتخابات ملتوی کرنے کے لیے کوویڈ کوئی معقول بنیاد نہیں ہو سکتا۔‘‘
وہیں عدالت نے اس درخواست کو ’’قبل از وقت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی اسمبلی انتخابات کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے۔ الیکشن کمیشن ہر معاملے پر غور کرے گا۔