بچوں کے ساتھ عصمت دری کرنے والے مجرموں کے لیے ختم ہو رحم کی عرضی کا اہتمام: صدر جمہوریہ
نئی دہلی : صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ عصمت دری کرنے والے مجرموں کو رحم کی عرضی کے حق سےمحروم کر دینا چاہیے۔ ان کو اس طرح کا حق دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انھوں نے یہ باتیں وومین امپاورمنٹ پر منعقد ایک قومی کانفرنس میں کہیں۔
صدر جمہوریہ کووند نے کہا ’’پاکسو ایکٹ کے تحت عصمت دری کے مجرموں کو ملنے والی رحم کی عرضی کا حق ختم ہونا چاہیے۔ عورتوں کی حفاظت ملک کے لیے سنجیدہ مدعا ہے۔ میں نے پارلیمنٹ سے پاکسو کے تحت مجرم ٹھہرائے گئے لوگوں کی رحم کی عرضی کے اہتمام کے تجزیہ کے لیےکہا ہے۔ اس میں ایک آئینی ترمیم کی ضرورت ہوگی لیکن ہم اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ بچوں کے خلاف جنسی جرائم کے معاملوں سے نپٹنے کے لیے 2012 میں پاکسوایکٹ بنایا گیا تھا۔ وہیں آئین سزائے موت پر مجرموں کو ان کی سزا کو کم یا معافی دلانے کے لیے رحم کی عرضی کے ساتھ صدر جمہوریہ سے رابطہ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
صدر جمہوریہ کا یہ بیان ایسےوقت میں آیا ہے جب ملک میں پچھلے کچھ دنوں میں عصمت دری اور قتل کے کئی معاملے لگاتار سامنے آئے ہیں۔ ان میں کئی معاملے نابالغ بچیوں کے ساتھ زیادتی اور ان کے قتل سے جڑے ہیں۔
(ایجنسیاں)