یومِ اساتذہ: صدر رام ناتھ کووند نے 44 اساتذہ کو ’قومی ایوارڈ برائے اساتذہ‘ سے نوازا

نئی دہلی، ستمبر 5: صدر رام ناتھ کووند نے آج ملک بھر کے 44 اساتذہ کو نیشنل ٹیچرس ایوارڈ سے نوازا، جنھوں نے تعلیم کے جدید طریقوں کو فروغ دینے میں نمایاں شراکت کی۔

قومی سطح کے یہ ایوارڈ یومِ اساتذہ پر ملک کے چند بہترین اساتذہ کی منفرد شراکت کا اعتراف کرنے اور ان لوگوں کو اعزاز دینے کے لیے دیے جاتے ہیں جنھوں نے اپنے عزم کے ذریعے نہ صرف اسکول کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا ہو بلکہ طلبا کی زندگیوں کو بھی بہتر بنایا ہو۔

اس بات کو نوٹ کرتے ہوئے کہ ہر بچے کی صلاحیتیں مختلف ہوتی ہیں، صدر جمہوریہ نے کہا کہ اساتذہ کو طلبا کی ہمہ جہت ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی مختلف ضروریات اور مفادات کو مدنظر رکھا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ ’’اساتذہ کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ ہر طالب علم کی صلاحیت، قابلیت اور نفسیات اور سماجی ڈھانچہ و پس منظر مختلف ہوتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ اپنے طلبا میں مطالعے کے لیے دلچسپی پیدا کریں۔ حساس اساتذہ اپنے طرز عمل اور طرز تدریس سے اپنے طلبا کا مستقبل روشن بنا سکتے ہیں۔‘‘

معلوم ہو کہ 60 کی دہائی کے وسط سے، 5 ستمبر کو تقریب کی مقررہ تاریخ ہندوستان کے سابق صدر اور ایک ممتاز ماہر تعلیم سروپلّی رادھاکرشنن کی سالگرہ کے موقع سے منائی جاتی ہے۔

یومِ اساتذہ پر یہ ایوارڈ پرائمری اور سیکنڈری سکولوں میں کام کرنے والے ہونہار اساتذہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

سال 2021 کے لیے آن لائن نامزدگی کے عمل کے بعد ضلعی، ریاستی اور قومی سطح پر تین درجے کے انتخاب کا عمل کیا گیا تھا۔

صدر کووند نے کہا ’’ہمارا تعلیمی نظام ایسا ہونا چاہیے کہ جو ہمارے طلبا میں آئینی اقدار اور شہریوں کے فرائض کے لیے احترام اور لگن کے جذبات پیدا کریے۔ اس سے ان کی ملک سے محبت کو تقویت ملنی چاہیے اور انھیں عالمی منظر نامے کو تبدیل کرنے میں ان کے کردار سے آگاہ کرنا چاہیے۔‘‘

اس ورچوئل ایوارڈ تقریب کے دوران 44 ایوارڈ یافتہ اساتذہ میں سے ہر ایک پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔