بابری مسجد انہدام کیس کا فیصلہ 30 ستمبر کو، عدالت نے اڈوانی سمیت تمام ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کو کہا
نئی دہلی، ستمبر 16: سی بی آئی کی خصوصی عدالت بابری انہدام سے متعلق فوجداری مقدمے میں 30 ستمبر کو فیصلہ سنائےگی۔
گذشتہ ماہ سپریم کورٹ نے مقدمے کی سماعت کو مکمل کرنے اور فیصلہ سنانے کے لیے 30 ستمبر کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی سمیت تمام 32 ملزمان کو سماعت کے دن عدالت میں پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
سی بی آئی کے وکیل للت سنگھ نے کہا کہ دفاع اور استغاثہ کے دلائل یکم ستمبر کو اختتام پذیر ہوئے، جس کے بعد خصوصی جج نے فیصلہ لکھنا شروع کر دیا ہے۔
تفتیشی ایجنسی اب تک تقریباً 351 گواہان اور 600 دستاویزات عدالت کے سامنے پیش کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ بابری مسجد کے معاملے میں گذشتہ سال نومبر میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ بابری مسجد کا انہدام غیر قانونی تھا۔