اے آئی اے ڈی ایم کے کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں نہیں ہے
نئی دہلی، ستمبر 19: آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کزگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) نے پیر کو اعلان کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اب اس کی اتحادی نہیں ہے۔
پارٹی کے تنظیمی سکریٹری ڈی جے کمار نے چنئی میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’صرف [لوک سبھا] انتخاب کے وقت اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘‘
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی ہے جب AIADMK نے سابق وزیر اعلیٰ سی این انادورائی کے بارے میں بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ کے سربراہ کے انامالائی کے تبصروں پر تنقید کی ہے۔
اس مہینے کے شروع میں انامالائی نے کہا تھا ’’انادورائی نے 1950 کی دہائی میں مدورائی میں ایک پروگرام میں ہندو عقیدے کے خلاف ایک تنقیدی تبصرہ کیا تھا، جس کی آزادی پسند جنگجو پاسمپون متھومرلنگا تھیور نے سخت مخالفت کی تھی۔‘‘
انادورائی نے 1949 میں دراوڑ منیترا کزگم کی بنیاد رکھی تھی اور 1967 میں تمل ناڈو میں پہلی غیر کانگریسی حکومت قائم کی تھی۔ وہ ایم جی رامچندرن کے سیاسی سرپرست تھے، جنھوں نے 1972 میں اے آئی اے ڈی ایم کے کی بنیاد رکھی اور اپنی پارٹی کا نام اننادورائی کے نام پر رکھا۔
پیر کو جے کمار نے کہا کہ ان کی پارٹی کے کارکنان انادورائی کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔
جے کمار نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ نہیں ہے بلکہ ان کی پارٹی کا موقف ہے۔
وہیں بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اتحاد کے بارے میں حتمی فیصلہ انتخابات کے دوران ہی لیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔