ایچ ڈی کمارسوامی کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شرکا نے معاشرتی فاصلے کے اصولوں کی خلاف ورزی کی
کرناٹک، اپریل 17: آج کرناٹک کے سابق وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی کے بیٹے نکھل کمارسوامی کی شادی کی تقریب میں ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے دوران معاشرتی فاصلوں کے اصلوں کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ تقریب کی تصاویر میں لوگوں کو ہجوم میں اور بغیر ماسک کے دیکھا گیا ہے۔
جنتادل (سیکولر) کے رہنما ایچ ڈی کمارسوامی نے جمعرات کے روز دعوی کیا تھا کہ شادی میں مہمانوں کی تفریح نہیں ہوگی اور صرف ’’خاندان کے 60 سے 70 افراد‘‘ اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ کرناٹک پولیس کے مطابق اس تقریب کے لیے 42 گاڑیوں اور 120 افراد کو پاس دیے گئے تھے۔
سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا کے پوتے نکھل کمارسوامی نے کانگریس کے رہنما ایم کرشن اپا کی پوتی ریوتی سے شادی کی۔ یہ تقریب رامانگر ضلع کے ایک فارم ہاؤس میں منعقد کی گئی تھی، جو بنگلور سے تقریباً 28 کلومیٹر دور ہے۔
ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان ہونے سے پہلے ہی ایچ ڈی کمارسوامی کے اہل خانہ نے رامانگر ضلع میں جیناپڑا لوکا کے پیچھے 92 ایکڑ پر مشتمل پلاٹ پر شادی کی ایک زبردست تقریب کا اہتمام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا کہ اس جگہ کو تبدیل کردیا گیا ہے کیونکہ اگر اس پروگرام کو اہل خانہ کی رہائش گاہ پر منعقد کیا گیا تو ’’معاشرتی فاصلوں کو برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔‘‘
جمعرات کو ایک ویڈیو پیغام میں جنتا دل (سیکولر) کے رہنما نے کہا کہ شادی کوویڈ 19 کے ریڈ زون بنگلورو سے ان کے اسمبلی حلقہ راماناگرا میں منتقل کر دی گئی ہے۔ انھوں نے اپنی پارٹی کے کارکنوں، رشتہ داروں اور خیر خواہوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پنڈال کا دورہ نہ کریں۔ کمارسوامی نے کہا ’’ایک بار جب وبائی بیماری کا خاتمہ ہوجائے گا، ہم ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کریں گے، جہاں شادی شدہ جوڑا آپ کی دعاؤں کے لیے آپ کے سامنے کھڑا ہوگا۔‘‘
دریں اثنا کرناٹک کے نائب وزیر اعلی اشوتھ نارائن نے متنبہ کیا ہے کہ اگر شادی میں معاشرتی فاصلے کے اصولوں پر عمل نہ کیا گیا تو کمارسوامی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
نارائن نے این ڈی ٹی وی سے کہا ’’اگر ہم اس طرح سے معاملے کو سنبھالیں گے، تو یہ بہت غلط پیغام بھیجے گا۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’ہمیں قانون کی پاسداری کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر یہ غلط پیغام بھیج دے گا۔ جو بھی خلاف ورزی کرنے والا ہے، یقینا ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ہمیں کارروائی کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر نظام کا مذاق بن جائے گا۔‘‘
کرناٹک میں کورونا وائرس کے 315 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں جمعہ تک 13 افراد کی موت بھی شامل ہے۔