این سی ای آرٹی کا فیصلہ ، نصابی کتابوں میں انڈیا کی جگہ بھارت لکھا جائے گا

نئی دہلی ،25 اکتوبر :۔

اپوزیشن اتحاد کے انڈیا نام رکھے جانے کے بعد ملک کے نام کی تبدیلی کی بحث اگر چہ کم ہو گئی ہے اور انڈیا بھارت پر بحث کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا گیا ہے لیکن این سی آر ٹی کے پینل کا تازہ  فیصلہ ایک بار پھر اس بحث کو زندہ کر دیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق این سی ای آر ٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اس کی سبھی کتابوں میں ’انڈیا‘ کی جگہ ’بھارت‘ لفظ کا استعمال کیا جائے گا۔ قومی تعلیمی تحقیقی و تربیتی کونسل (این سی ای آر ٹی) کے ذریعہ تشکیل ایک کمیٹی نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ کتابوں میں جہاں جہاں ملک کا نام ’انڈیا‘ استعمال ہوا ہے، اسے ’بھارت‘ لکھا جائے گا۔ یعنی جلد ہی این سی ای آر ٹی کی کتابوں میں سے ’انڈیا‘ لفظ ہٹا دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی ای آر ٹی پینل کے ذریعہ کتابوں کے اگلے سیٹ میں انڈیا کی جگہ بھارت شائع کرنے کی تجویز کو پینل کے اراکین نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔

میڈیا  میں آ رہی خبروں کے مطابق پینل کے اراکین میں سے ایک رکن  کا کہنا ہے کہ پینل کے سبھی اراکین نے ’انڈیا‘ کو بدل کر ’بھارت‘ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ تجویز کچھ ماہ قبل پیش کی گئی تھی اور اب جبکہ اسے منظوری مل چکی ہے تو این سی ای آر ٹی کی نئی کتابوں میں ’انڈیا‘ کی جگہ ’بھارت‘ پرنٹ کیا جائے گا۔

میڈیا میں جاری خبروں پر ہنگامہ کے درمیان این سی ای آر ٹی نے وضاحت کی ہے ۔ کمیٹی کے چیئرمین سی آئی ایساک کے مطابق، پینل نے نصاب میں ‘قدیم تاریخ’ کے بجائے ‘کلاسیکی تاریخ’ سمیت نصابی کتب میں ‘انڈیا’ کی جگہ ‘بھارت’ کا نام رکھنے اور نصاب میں انڈین نالج سسٹم (آئی کے ایس) کو متعارف کرانے کی سفارش کے ساتھ ساتھ تمام مضامین میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

این سی ای آر ٹی کی تمام نصابی کتابوں میں ہندوستان کا نام بدل کر بھارت کرنے کے بارے میں میڈیا رپورٹوں پر، این سی ای آر ٹی کا کہنا ہے کہ چونکہ این سی ای آر ٹی نئے نصاب اور نصابی کتابوں کو تیار کرنے کی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے  اور اس مقصد کے لئے این سی ای آر ٹی نے متعلقہ مضامین کے ماہرین کے مختلف نصابی ایریا گروپ بنائے ہیں اس لئے متعلقہ معاملے پر میڈیا میں چلنے والی خبروں پر کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔