اگر ہندوستان اینٹی ملیریا دوا کی فراہمی کی درخواست کو رد کرتا ہے تو ٹرمپ نے ’’انتقامی کارروائی‘‘ کی دھمکی دی
واشنگٹن/نئی دہلی، اپریل 7: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان hydroxychloroquine کی برآمد کی اجازت نہیں دیتا ہے تو ہندوستان کو امریکہ سے انتقامی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مسٹر ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران نامہ نگاروں سے کہا ’’اگر وہ ایسا کریں گے تو مجھے حیرت ہوگی، آپ جانتے ہیں، کیوں کہ ہندوستان امریکہ کے ساتھ بہت اچھا کام کرتا ہے۔ لہذا میں حیران ہوں گا اگر یہ ان (وزیر اعظم نریندر مودی) کا فیصلہ ہوتا ہے۔ انھیں مجھ سے یہ کہنا پڑے گا۔ میں نے اتوار کی صبح ان سے بات کی، انھیں فون کیا اور میں نے کہا کہ ہم آپ کی فراہمی کی اجازت دینے کی تعریف کریں گے۔ اگر وہ اس کی اجازت نہیں دیتے ہیں، تو ٹھیک ہے، لیکن یقیناً انتقامی کارروائی ہوسکتی ہے۔ کیوں نہیں ہوگی؟‘‘
صدر ٹرمپ نے اتوار کی صبح (انڈیا کے مطابق شام میں) وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ایک فون کال میں hydroxychloroquine کی ایکسپورٹ پر لگی روک کو ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔
ہندوستان نے اس پر ابھی تک کسی بھی طرح کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کال کے دوران امریکی رہنما سے کہا تھا کہ ’’ہم جو کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔‘‘