آسام سیلاب: اقوام متحدہ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہم ہندوستان کی مدد کے لیے تیار ہیں
اقوام متحدہ، جولائی 21: اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ آسام میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے لاکھوں بے گھر ہونے والے افراد کی بہبود کے لیے حکومت ہند کی مدد کرنے کو تیار ہے۔
انھوں نے کہا ’’ہمارے انسانی ہمدردی کے ساتھی ہمیں بتاتے ہیں کہ بارشوں سے زبردست سیلاب کی وجہ سے ہندوستان اور پڑوسی نیپال میں ریاست آسام میں تقریباً 40 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور 189 اموت ہوئی ہیں۔‘‘
پیر کو یومیہ پریس بریفنگ میں سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ’’اقوام متحدہ ضرورت پڑنے پر حکومت ہند کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘
انھوں نے نوٹ کیا کہ نیپال میں حکام نے تیرائے کے علاقے میں ندیوں کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو سیلاب کے امکان کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔
انھوں نے کہا ’’رسائی ایک سب سے بڑا چیلنج ہے، جو دور دراز علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تلاش اور بچاؤ کی کوششوں میں رکاوٹ ہے۔‘‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) متاثرہ برادریوں تک پہنچنے کا کام کر رہا ہے اور اس وقت ہیلی کاپٹر ہی ایک قابل عمل آپشن ہے۔
واضح رہے کہ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے آسام کے 24 اضلاع میں 24.3 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
اس سال کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کی مجموعی تعداد 111 ہوگئی ہے، جن میں 85 افراد سیلاب سے وابستہ واقعات میں اور 26 لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔