اوڈیشہ موجود لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کرنے والی پہلی ریاست

بھوونیشور: اوڈیشہ حکومت نے آج اعلان کیا ہے کہ اس نے کوویڈ 19 کی وجہ سے نافذ لاک ڈاأن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اوڈیشہ ایسا کرنے والی پہلی ریاست بن گیا۔

وزیر اعلی نوین پٹنائک نے مرکز سے 30 اپریل تک ٹرین اور ہوائی خدمات شروع نہ کرنے کے لیے بھی کہا ہے۔ ریاستی حکومت نے ایک بیان میں کہا ’’اوڈیشہ کابینہ نے توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور یونین حکومت سے بھی ایسا کرنے کی سفارش کی ہے۔‘‘

 

وزیر اعلیٰ پٹنائک نے کہا ’’کرونا وائرس گذشتہ ایک صدی سے بھی زیادہ عرصے میں انسانوں کو درپیش سب سے بڑا خطرہ ہے۔ زندگی ہمیشہ ایسی نہیں ہوگی۔ ہم سب کو اس کو سمجھنا چاہیے اور ساتھ مل کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔‘‘

ریاستی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ’’تعلیمی ادارے 17 جون تک بند رہیں گے۔ لوگوں کی خوراک کا تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ زراعت، جانور پالنے، منریگا سے متعلقہ

سہولتوں کی فراہمی معاشرتی دوری کے اصولوں کا خیال رکھتے ہوئے جاری رہیں گی۔ پہلے کی طرح سامان کے نقل و حمل میں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔‘‘

اوڈیشہ میں کورونا ائرس سے کم از کم 42 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے دو کی موت ہوگئی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی بدھ کے روز تجویز پیش کی تھی کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کردی جائے گی اور 14 اپریل کے بعد ایک ہی بار میں پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔

اوڈیشہ ان ریاستوں میں شامل ہے جس نے گھروں سے باہر نکلنے والے لوگوں کے لیے ماسک پہننا لازمی کردیا ہے۔ ایسا کرنے والی دیگر ریاستیں دہلی، ممبئی، چندی گڑھ اور ناگالینڈ ہیں۔

بہت سی ریاستوں اور ماہرین نے وائرس کے واقعات میں تیزی سے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں توسیع کی درخواست کی ہے۔