اندوہناک: کانپور میں دو افراد نے ایک 7 سالہ بچی کی عصمت دری کرنے کے بعد اسے مار کر اس کا لیور نکال لیا
اتر پردیش، 17 نومبر: دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق اترپردیش کے کانپور ضلع میں دو افراد نے مبینہ طور پر ایک سات سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا اور اس کا لیور نکال لیا۔
یہ واقعہ کانپور کے گاؤں بھدراس میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان دونوں افراد نے اپنے ایک ایسے ساتھی جوڑے کو اس لڑکی کا لیور نکال کر دیا تھا، جن کا خیال تھا کہ یہ عضو کھانے سے انھیں بچے پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کانپور نگر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پریتیندر سنگھ نے اخبار کو بتایا کہ بچی دیوالی کی رات لاپتہ ہوگئی تھی اور اس کی مسخ شدہ لاش اگلے دن ایک جنگل کے قریب سے ملی تھی۔ انھوں نے بتایا ’’فارنسک ٹیموں اور ڈاگ اسکواڈ کے ہمراہ سینئر افسران نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ پڑوس کے دو نوجوانوں نے آلو کے چپس کا پیکٹ دینے کے بہانے لڑکی کو اغوا کرلیا تھا۔‘‘
پولیس سپریٹنڈنٹ (دیہی) برجیش کمار سریواستو نے بتایا کہ ان دونوں افراد کو بچی کا لیور نکالنے کے لیے 1500 روپے دیے گئے تھے۔ انھوں نے بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے اور گلا گھونٹنے اور اس کا پیٹ کاٹنے کا اعتراف کیا ہے۔
ان کے خلاف ایف آئی آر تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) اور 201 کے تحت درج کی گئی تھی۔ بعد میں پولیس نے ایف آئی آر میں اجتماعی زیادتی کے الزامات اور بچوں سے جنسی زیادتی سے متعلق دفعات میں شامل کیں۔
بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق صدمہ اور ہیمرج کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے اتوار کے روز اس بچی کے کنبے کے لیے 5 لاکھ روپے کی رقم کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے اہل خانہ کو یہ بھی یقین دلایا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’کانپور شہر میں ہوئے افسوسناک واقعے کے مرتکب افراد کو کسی قیمت پر نہیں بخشا جائے گا۔ فاسٹ ٹریک عدالت میں اس کیس کی سماعت کے بعد مجرموں کو بہت جلد سزا دی جائے گی۔‘‘