’’اسٹیچو آف لبرٹی سے زیادہ لوگوں نے اسٹیچو آف یونیٹی کا دورہ کیا‘‘: وزیر اعظم مودی
نئی دہلی، جنوری 17: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دعوی کیا کہ گجرات کے شہر کیواڈیا میں اسٹیچو آف یونیٹی کو ریاستہائے متحدہ کے مشہور اسٹیچو آف لبرٹی سے زیادہ سیاح دیکھنے آئے ہیں۔ انھوں نے یہ تبصرہ ملک کے مختلف حصوں کو کیواڈیا سے ملانے والی آٹھ ٹرینوں کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔
مودی نے کہا کہ اس ٹرین نیٹ ورک سے سیاحوں کو فائدہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور آدیواسی لوگوں کی زندگی بدل جائے گی۔ انھوں نے کہا ’’اسٹیچو آف لبرٹی کی نسبت زیادہ سے زیادہ لوگوں نے اسٹیچو آف یونیٹی کا دورہ شروع کیا ہے۔ اس کے افتتاح کے بعد سے تقریباً 50 لاکھ افراد اسٹیچو آف یونٹی کو دیکھنے آچکے ہیں۔‘‘
انوں نے مزید کہا کہ ایک سروے کے مطابق نئی ٹرینوں کے آغاز کے بعد روزانہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد کیواڈیا آئیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کیواڈیا اس کی ایک مثال ہے کہ کس طرح معیشت اور ماحولیات دونوں کو منصوبہ بند طریقے سے ترقی دی جاسکتی ہے۔ مودی نے مزید کہا ’’کچھ لوگ ابھی تک کیواڈیا نہیں گئے ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ جب وہ ایسا کریں گے تو وہ فخر محسوس کریں گے۔‘‘
مودی نے کہا کہ کیواڈیا کا ایک چھوٹا اور دور دراز علاقہ دنیا کا سب سے بڑا سیاحتی مقام بن گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دوسرے شہروں کے ساتھ اس کا ٹرین سے براہ راست رابط ہندوستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
معلوم ہو کہ تقریباً 3000 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا اسٹیچو آف یونیٹی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے لیے وقف کیا گیا ہے۔ اس کا افتتاح مودی نے 2018 میں گجرات کے نرمدا ضلع میں کیا تھا۔
کیواڈیا اور اس کے آس پاس کے علاقے جنوبی گجرات کے آدیواسی پٹی کا ایک حصہ ہیں۔