اروند کیجریوال نے اسپتال میں بیڈ اور وینٹیلیٹر تلاش کرنے میں لوگوں کی مدد کے لیے ’’دہلی کورونا‘‘ ایپ کا آغاز کیا
نئی دہلی، جون 2: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ایک موبائل ایپلی کیشن ’’دہلی کورونا‘‘ کا آغاز کیا ہے، تاکہ لوگوں کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے اسپتال کے بستروں اور وینٹیلیٹروں کا سراغ لگانے میں مدد ملے۔
انھوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ہم آج ایک ایپ لانچ کر رہے ہیں جس سے ہر ایک کو دہلی میں اسپتال کے بیڈ اور وینٹیلیٹر کی دستیابی کی اطلاع مل جائے گی۔‘‘
کیجریوال نے کہا کہ ’’لوگ حکومت کو بتاتے ہیں کہ اسپتال کے بیڈ دستیاب نہیں ہیں۔ یہ ایپ اس خلا کو پر کرے گا۔‘‘
چیف منسٹر نے مزید کہا کہ https://delhifightscorona.in/beds پر لاگ ان کرکے انٹرنیٹ پر ایپ تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ کیجریوال نے لوگوں سے کہا کہ وہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک حاصل کرنے کے لیے واٹس ایپ نمبر 8800007722 بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایپ کو روزانہ دو بار صبح 10 بجے اور شام 6 بجے اپڈیٹ کیا جائے گا۔
We are launching an app today which will give everyone the status of hospital beds and ventilator availability in Delhi https://t.co/IspK1fVITC https://t.co/5BPdmog5cX
— Arvind Kejriwal (@ArvindKejriwal) June 2, 2020
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ایپ لوگوں کو یہ بتاتا ہے کہ اسپتال میں بستر خالی ہیں، لیکن اسپتال اس سے انکار کرتا ہے تو وہ 1031 پر فون کرسکتے ہیں۔ اسپیشل سکریٹری اسپتال کے انتظامیہ سے بات کرے گا اور یقینی بنائے گا کہ مریض کو بستر مل سکے۔ لیکن کجریوال نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اسپتال نہ جائیں جب تک کہ یہ بالکل ضروری نہ ہو۔
مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود کے مطابق دہلی میں اب تک کوویڈ 19 کے 20،834 معاملات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 523 اموات بھی شامل ہیں۔