مہاراشٹر: ادھو ٹھاکرے نے لیا وزیر اعلیٰ کا حلف

ممبئی: شیوسینا کے سربراہ اور کانگریس، این سی پی اورسینا اتحاد (ایم وی اے) کے لیڈر ادھو ٹھاکرے نے جمعرات کی شام تاریخی شیواجی پارک میں ملک بھر کے علاقائی لیڈروں اور ہزاروں افراد کی موجودگی میں عہدہ اور رازداری کا حلف اٹھایا- گورنربھگت سنگھ کوشیاری نے انہیں حلف دلایا۔

ٹھاکرے نے شیواجی پارک میں ہزاروں کے مجمع کے درمیان مراٹھی زبان میں ریاست کے 19 ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔

ادھو ٹھاکرے کے بعد شیوسینا کے ایکناتھ شندے اور سبھاش دیسائی نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ اس کے بعد، این سی پی قانون ساز پارٹی کے رہنما جینت پاٹل اور چھگن بھج بل نے این سی پی کوٹہ سے حلف لیا۔ دریں اثنا، کانگریس قانون ساز پارٹی کے سربراہ بالا صاحب تھوراٹ اور نتن راؤت نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔

واضح رہے کہ ریاست مہاراشٹر کے نومنتخب وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ مہاراشٹر کے طاقتور سیاسی خاندان بال ٹھاکرے فیملی کے واحد چشم و چراغ ہیں جو وزیر اعلی کی کرسی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(ایجنسیاں)