مہاراشٹر: عدالتِ عظمیٰ کا کل شام 5 بجے تک فلور ٹیسٹ کروانے کا حکم، اجیت پوار اور دیویندر فڑنویس نے دیا استعفیٰ

نئی دہلی، 26 نومبر: مہاراشٹر میں ایک مہینے سے بھی زیادہ مدت سے چل رہے سیاسی ڈرامے کے درمیان سپریم کورٹ نے آج بی جے پی کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے کل یعنی 27 نومبر شام 5 بجے تک فلور ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے حکم دیا ہے کہ فلور ٹسٹ کو براہ راست نشر کیا جائے تاکہ کسی بھی طرح کی پوشیدگی نہ رہے۔ اپنا حکم سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اس طرح کا فیصلہ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہورس ٹریڈنگ کی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ فلور ٹسٹ پروٹیم اسپیکر کرائیں گے اور ایک اہم بات یہ کہ یہ سیکرٹ بیلٹ نہیں بلکہ اوپن ووٹنگ کا عمل ہوگا۔ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی نے عدالت سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ سیکرٹ بیلٹ نہ ہو تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اپوزیشن کے تقریباً سبھی مطالبات سپریم کورٹ نے قبول کر لیے ہیں۔

مہاراشٹر معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کے رہنماؤں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر ابھیشیک منو سنگھوی نے منگل کے روز یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں پریس کانفرنس میں کہا کہ یوم ِ آئین کے موقع پر سپریم کورٹ کی جانب سے ملک کو سب سے بڑا تحفہ ملا ہے۔ وہیں این سی پی چیف  شرد پوار نے آئینی اصولوں  کو برقرار رکھنے کے لیے عدالت کے فیصلے کو سراہا۔ پوار نے ٹوئٹ کیا ’’میں جمہوری قدروں اور آئینی  اصولوں  کو برقرار رکھنے کے لیے سپریم کورٹ کا ممنون  ہوں۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ مہاراشٹر پر فیصلہ یوم آئین  کے موقع پر آیا جو بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب  امبیڈکر کو ایک خراج تحسین  ہے۔‘‘

وہیں دوسری طرف بی جے پی کے خیمے میں اس فیصلے سے کی وجہ سے مایوسی کا ماحول ہے اور استعفیٰ کا سلسہ شروع ہو گیا ہے۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے حلف اٹھانے کے تین دن کے اندر ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو پیش کیا ہے۔ اس کے بعد دیویندر فڑنویس نے بھی آج دوپہر وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ فڑنویس نے ساڑھے تین بجے ایک پریس کانفرنس میں اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اکثریت نہیں ہے اس لیے استعفیٰ دے رہے ہیں ۔اجیت پوار کے استعفیٰ کی تصدیق بھی دیویندر فڑنویس نے کی اور کہا کہ اجیت پوار نے اپنا استعفیٰ مجھے سونپ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار نے مجھے بتایا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے رہے ہیں۔

فڑنویس نے پریس کانفرنس میں شیو سینا کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ اکثریت  بی جے پی اور شیوسینا اتحاد کو ملی تھی۔ ہم نے کبھی بھی ڈھائی ڈھائی سال کا وعدہ نہیں کیا تھا۔ شو سینا نے اپنا ہی مذاق بنایا۔