اتر پردیش پولیس نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، 31 دسمبر: اترپردیش پولیس نے مبینہ طور پر رواں ماہ کے شروع میں ریاست میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں ملوث ہونے پر پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر پابندی کے لیے مرکزی وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے۔

اے این آئی نیوز ایجنسی کے مطابق اترپردیش کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل او پی سنگھ نے وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا  پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی گئی ہے کیونکہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ 19 دسمبر کو ہونے والے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پر تشدد ہونے والے مظاہرے میں پی ایف آئی ملوث ہے۔

یوپی کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے بھی پی ایف آئی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ریاست میں املاک کو نقصانات، آتش زنی اور انتشار پھیلانے والے تمام نقصانات کے پیچھے خاص طور پر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کا ہاتھ ہے۔ ایسی تنظیموں کو پنپنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، ان پر پابندی عائد ہوگی۔‘‘

دریں اثنا متعدد اضلاع میں انتظامیہ نے ریاست میں سی اے اے کے خلاف مظاہروں کے دوران عوامی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کی وصولی کے لیے 370 افراد کو بازیابی نوٹس جاری کیے ہیں۔