اترپردیش: ضمانت پر رہا عصمت دری کے ملزمین نے متاثرہ کو جلایا

نئی دہلی: اتر پردیش کے اناؤ ضلع میں گینگ ریپ متاثرہ کو مبینہ طور پر پانچ لوگوں نے جمعرات کی صبح زندہ جلاکر مارنے کی کوشش کی۔ اس معاملے میں پولیس نے اب تک تین لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع  کے مطابق متاثرہ  70 فی صدی سے زیادہ جل گئی ہے اور اسے لکھنؤ کے ایک اسپتال میں داخل  کرایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ  نے پانچوں ملزمین  کے نام بتادیے ہیں جن میں سے تین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس سال مارچ میں درج ایف آئی آر میں متاثرہ نے پانچ لوگوں پر 2018 میں مسلسل عصمت دری کا الزام لگایا تھا جس کے بعد ان میں سے دو کو جیل بھیج دیا گیا تھو جو ابھی ضمانت پر باہر ہیں۔

لکھنؤ زون  کے اے ڈی جی ستیہ نارائن جبیت نے اسپتال پہنچ کر متاثرہ  سے ملاقات کی۔ متاثرہ نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ ایک شخص شادی کا جھانسا دے کر اس کو  اپنے ساتھ رائے بریلی لے گیا اور وہاں اس کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے۔ جب متاثرہ  نے اس پر شادی کرنے کا دباؤ بنایا تو ملزم  اس کو کھیتوں میں لے گیا اور اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر بندوق کی نوک پر اس کی عصمت دری کی۔

پولیس کو دیے گئے متاثرہ کے بیان کے مطابق جمعرات  کی صبح چار بجے جب وہ رائے بریلی جانے کے لیے ٹرین پکڑنے بیسوارا بہار ریلوے اسٹیشن جا رہی تھی۔گورا موڑ پر گاؤں کے ہری شنکر ترویدی، کشور، شبھم، شوم اور امیش نے اسے گھیر لیا اور سر پر ڈنڈے سے اور گلے پر چاقو سے وار کیا اور اس کے بعد ملزمین  نے اس پر پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔

(ایجنسیاں)