6 دسمبر کو نہیں منایا جائے گا "شوریہ دیوس”: آر ایس ایس

بابری مسجد معاملے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد سے آر ایس ایس بہت احتیاط کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے۔ اسی وجہ سے اس بار 6 دسمبر کو ہونے والے ’شوریہ دیوس‘ (یومِ بہادری) کو منعقد نہیں کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ آر ایس ایس ذرائع کے مطابق ’’رام مندر معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جس طرح پرامن ماحول رہا ہے، ویسا ہی ماحول آگے بھی بنا رہے، اسی کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ شوریہ دیوس نہ منایا جائے۔‘‘

آر ایس ایس نے اس تعلق سے اپنی ذیلی تنظیم وی ایچ پی کو بھی الرٹ کر رکھا ہے۔ دونوں تنظیمیں چاہتی ہیں کہ اس معاملے میں اب کہیں کچھ بھی ایسا نہ ہو، جس سے مندر بننے کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا ہو۔ اسی وجہ سے وہ بہت سوچ سمجھ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ وی ایچ پی کے ترجمان شرد شرما نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’’سپریم کورٹ سے رام للا کے حق میں آئے فیصلہ کے بعد اب مندر تعمیر کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ اسی لیے 6 دسمبر کو وی ایچ پی کے عہدیداروں نے شوریہ دیوس کی اس تقریب کو منعقد کرنے سے منع کر دیا ہے۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ وی ایچ پی شوریہ دیوس منانے کی جگہ مٹھ اور مندروں و گھروں میں دیپ جلانے کا کام کرے گی۔

(ایجنسیاں)