’’آوازیں دبائی جا رہی ہیں‘‘: غازی آباد میں مقیم صحافی وکرم جوشی کے قتل پر ممتا بنرجی نے کی تعزیت
کولکاتا، جولائی 22: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے غازی آباد میں مقیم صحافی وکرم جوشی کے قتل پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں خوف کی فضا پیدا ہوگئی ہے اور ’’آوازیں دبائی جا رہی ہیں۔‘‘
ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ جوشی، جنھیں 20 جولائی کو کچھ حملہ آوروں نے سر میں گولی ماری تھی، آج ان کا انتقال ہو گیا۔
ممتابنرجی نے کہا ’’نڈر صحافی وکرم جوشی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت۔ آج ان کا انتقال ہوگیا۔ انھیں یوپی میں اپنی بھانجی کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے کے سبب گولی مار دی گئی۔ ملک میں خوف کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ آوازیں دبائی جا رہی ہیں۔ صحافت بھی نہیں بچی، افسوسناک!‘‘
عہدیداروں کے مطابق جوشی نے 16 جولائی کو پولیس کے پاس اپنی بھانجی کو ہراساں کرنے کے الزام میں شکایت درج کرائی تھی اور حکام کے مطابق 20 جولائی کو رات 10.30 بجے اسے وجے نگر کے علاقے میں واقع اپنے گھر کے قریب گولی مار دی گئی تھی۔
ایک مقامی اخبار کے ساتھ کام کرنے والے صحافی کو نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں آج اس نے دم توڑ دیا۔
پولیس کے مطابق اب تک اس کیس کے سلسلے میں نو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔