آسام: محکمۂ اعلیٰ تعلیم نے حکومت کے خلاف تبصرہ کرنے والے ملازمین پر کارروائی کا دھمکی دی
آسام میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کے درمیان ریاست کے محکمۂ اعلی تعلیم نے ایک انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر سرکاری ملازم نے حکومت کے خلاف کوئی تبصرہ کیا تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ پرائمری تعلیم پہلے ہی سوشل میڈیا پر سیاسی پوسٹ کرنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دے چکا ہے۔
محکمہ اعلی تعلیم کے ڈائریکٹر کے ذریعہ جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق ’’تمام ملازمین کو مطلع کیا گیا ہے کہ آسام سول سروس (اخلاق) ضابطہ، 1965 کے تحت سرکاری ملازم حکومت پر تنقید کرنے والے حقائق کو پیش نہیں کرے گا اور نہ ہی اپنا کوئی بیان دے گا۔‘‘ کوئی سرکاری ملازم اگر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پایا جاتا ہے تو وہ آسام سول سروس (اخلاق) ضابطہ 1965 کے اصول 3 اور 7 کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔ ایسی صورت حال میں آسام کے تمام سرکاری اور صوبائی کالجوں کے پرنسپلز سے اپیل ہے کہ وہ قواعد پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں۔