آسام: سیلاب کی تیسری لہر میں ایک شخص ہلاک، 2.25 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر
گوہاٹی (آسام)، ستمبر 28: ریاست میں سیلاب کی نئی لہر کی وجہ سے 219 دیہاتوں میں 2.25 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔
پچھلے کچھ دنوں سے جاری بارش نے سیلاب کی تازہ لہر کو متحرک کیا ہے۔ یہ ریاست میں اس سال سیلاب کی تیسری لہر ہے۔
ہفتے کے روز نگاؤں ضلع سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق اس سال آسام میں اب تک 118 افراد سیلاب سے وابستہ واقعات کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق سیلاب کی تازہ لہر نے دھیماجی، لکھیم پور، موریگاؤں، نگاؤں، مجولی، مغربی کربی اینگلونگ، سبساگر، ڈبروگڑھ اور تنسکیہ اضلاع کو متاثر کیا ہے۔
برہما پترا ندی جورہاٹ اور سونیت پور میں خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہی تھی، جب کہ جیا بھرالی ندی سونیت پور میں اور کوپلی ندی نگاؤں میں خطرناک سطح سے اوپر تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 9،948 ہیکٹر رقبہ زیرآب ہے۔ نگاؤں، مغربی کربی انگلونگ اور تنسکیہ اضلاع میں 43 امدادی مراکز کھولے گئے ہیں۔ سیلاب کے پانی نے موریگاؤں ضلع میں 13، نگاؤں میں چار اور مغربی کربی اینگلونگ میں دو سڑکیں تباہ کر دی ہیں۔