پہلوانوں کا احتجاج: بی جے پی لیڈر برج بھوشن کو 21 مئی تک گرفتار کریں، کسانوں نے مرکز کو الٹی میٹم دیا
نئی دہلی، مئی 8: کئی کسان یونینوں اور کھاپ پنچایتوں کے اراکین نے اتوار کو خبردار کیا کہ اگر 21 مئی تک ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن کو گرفتار نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج شروع کریں گے۔
برج بھوشن پر ایک کم عمر لڑکی سمیت کئی خواتین کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ ملک کے سرکردہ پہلوان، اس کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے 23 اپریل سے جنتر منتر پر دھرنا دے رہے ہیں۔
سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد برج بھوشن کے خلاف دو فرسٹ انفارمیشن رپورٹس درج کی گئی ہیں۔ لیکن برج بھوشن، جو کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، نے اپنے عہدے سے دستبردار ہونے سے انکار کر دیا ہے اور کانگریس اور بعض صنعت کاروں پر اس احتجاج کو بھڑکانے کا الزام لگایا ہے۔
اتوار کو کھاپ پنچایت کے رہنماؤں اور کسانوں کی بڑی تعداد نے جنتر منتر کا دورہ کیا تاکہ پہلوانوں کی حمایت کا اظہار کیا جا سکے۔
بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ برج بھوشن کے خلاف الزامات سنگین ہیں اور مرکزی حکومت کو اس معاملے میں سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
انھوں نے کہا ’’کسان یونین اور کھاپ پنچایت کے رہنما 21 مئی کو دوبارہ ملاقات کریں گے تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ آگے کیا کرنا چاہیے۔ اس وقت تک ہماری بیٹیوں کی مدد کے لیے جنتر منتر پر روزانہ ایک کھاپ آئے گا۔ اگر ہماری بیٹیوں کو کچھ ہوا تو پوری قوم ان کی حمایت کے لیے یہاں جمع ہوگی۔‘‘
دولت مشترکہ کھیلوں میں تمغہ جیتنے والی ونیش پھوگاٹ نے بھی کہا کہ پہلوان 21 مئی کو اپنے لائحۂ عمل کا فیصلہ کریں گے۔
اس نے پہلوانوں کی حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کسان رہنماؤں اور کھاپ پنچایتوں نے احتجاج کو ہائی جیک نہیں کیا ہے۔
جنتر منتر پر اتوار کو سمیکت کسان مورچہ کے تحت 16 کسان یونینوں کے نمائندے موجود تھے۔ کئی ٹریڈ یونین باڈیز، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن، نیشنل فیڈریشن آف انڈین ویمن اور دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن ورکرز یونین نے بھی پہلوانوں کے مطالبات کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
دہلی پولیس نے دہلی کے سنگھو، ٹکری اور غازی پور سرحدوں پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، جو کہ سال بھر سے جاری کسانوں کے احتجاج کے اہم مقامات تھے، جو نومبر 2021 میں مرکز کے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے تھے۔