تریپورہ60 اسمبلی سیٹوں پر انتخابات کے لئے ووٹنگ جاری،رائے دہندگان میں جوش

تریپورہ میں اس بار مختلف پارٹیوں کے 259 امیدوار میدان میں ہیں، انتخابی نتائج 2 مارچ کو آئیں گے

اگر تلہ ،16فروری :۔
تریپورہ میں 60 اسمبلی سیٹوں کے لئے آج صبح سے ووٹنگ جاری ہے ۔ پولنگ بوتھوں پر رائے دہندگان کی لمبی قطاروں سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ووٹرونگ میں ووٹنگ کو لے کر زبر دست جوش و خروش ہے ۔تریپورہ میں اس بار مختلف پارٹیوں کے 259 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ اس بار انتخابات میں 13.53 لاکھ خواتین سمیت کل 28.13 لاکھ ووٹر اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ اس دوران سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ایک ہی مرحلے میں ہونے والے اس الیکشن میں کل 3337 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی، 1,100 ووٹنگ مراکز کو حساس اور 28 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 11 بجے تک 31.23 فیصد پولنگ ہوچکی تھی۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ اور تریپورہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مانک سرکار نے اگرتلہ کے ایک بوتھ پر ووٹ ڈالا۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے صدر اور اپوزیشن رہنما ملکا رجن کھڑگے نے تریپورہ کے ووٹروں، خاص طور پر نوجوان ووٹروں سے ریکارڈ تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کی اپیل کی ہے۔ پی ایم مودی نے ٹوئٹر پر اپیل کی، "میں تریپورہ کے لوگوں سے ریکارڈ تعداد میں ووٹنگ کرنے اور جمہوریت کے اتسو کو مضبوط کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ میں خاص طور پر نوجوان ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔”


وہیں، کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعرات کے روز عوام سے تری پورہ اسمبلی کی 60 رکنی سیٹوں کے لئے جاری پولنگ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔ کھڑگے نے ٹوئٹ کیا، "میں ہر ایک سے خاص طور پر نوجوانوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ووٹ دینے کے لیے گھروں سے نکلیں اور جمہوریت کے اس جشن کو مضبوط کریں اور امن اور ترقی کے لیے ووٹ دیں۔ بغیر کسی خوف کے ووٹ دیں۔”
ریاست میں 13.98 خواتین ووٹرز سمیت تقریباً 28.23 لاکھ ووٹرز آج اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ تمام ووٹرز 259 امیدواروں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ جس میں وزیر اعلیٰ مانک ساہا اور مرکزی وزیر پرتیما بھومک کی قسمت بھی شامل ہے۔ ووٹنگ شام 4 بجے تک ہوگی۔ انتخابی نتائج 2 مارچ کو آئیں گے۔خیال رہے کہ تریپورہ میں آج 60 رکنی قانون ساز اسمبلی کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقابلہ بنیادی طور پر بائیں بازو کی پارٹیوں، کانگریس اور کچھ دیگر علاقائی جماعتوں سے سمجھا جا رہا ہے۔ ووٹنگ کے حوالے سے رائے دہندگان میں کافی جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔