اتراکھنڈ انتخابات: بی جے پی اگر دوبارہ اقتدار میں آئی تو یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کے لیے پینل تشکیل دیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا
نئی دہلی، فروری 12: اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کے روز کہا کہ پارٹی ریاست میں یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک پینل تشکیل دے گی اگر بھارتیہ جنتا پارٹی اسمبلی انتخابات کے بعد اقتدار برقرار رکھتی ہے۔
ایک پریس بریفنگ کے دوران دھامی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد ایک پینل تشکیل دیا جائے گا جس میں نامور شہری، اسٹیک ہولڈرز، جیوری کے ارکان اور سماجی کارکن شامل ہوں گے۔
معلوم ہو کہ یکساں سول کوڈ میں تمام ہندوستانیوں کے لیے شادی، طلاق، جانشینی اور گود لینے سے متعلق قوانین ایک جیسے ہوں گے، بجائے اس کے کہ مختلف عقائد کے لوگوں کے لیے مختلف ذاتی قوانین کی اجازت دی جائے۔
جمعہ کو دھامی نے کہا کہ یکساں سول کوڈ ریاست میں سب کے لیے مساوی حقوق پیدا کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ ’’یہ سماجی ہم آہنگی میں اضافہ کرے گا، صنفی انصاف کو فروغ دے گا، خواتین کو بااختیار بنائے گا اور ریاست کی غیر معمولی ثقافتی-روحانی شناخت اور ماحول کے تحفظ میں مدد کرے گا۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نہ صرف قوانین کے سیٹ بنانے کا مطالبہ کیا ہے بلکہ اس پر عمل درآمد نہ کرنے پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے۔ ستمبر 2019 میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ اگرچہ آئین بنانے والوں نے یکساں سول کوڈ کے لیے امید ظاہر کی تھی، لیکن ہندوستانی حکومت نے قوانین بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی۔
دھامی نے کہا کہ یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنا آئین بنانے والوں کے خوابوں کی تعبیر کی طرف ایک قدم ہوگا۔
واضح رہے کہ اس طرح کا ضابطہ قائم کرنا برسراقتدار بی جے پی کے ایجنڈے میں طویل عرصے سے شامل ہے۔ یہ 2019 کے عام انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور میں بھی شامل تھا۔
اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں 14 فروری کو ہوگی جس کے نتائج 10 مارچ کو سامنے آئیں گے۔