اسمبلی انتخابات: گوا میں سہ پہر 3 بجے تک 60 فیصد سے زیادہ ووٹنگ، اتر پردیش میں 51.93 فیصد

نئی دہلی، فروری 14: گوا اور اتراکھنڈ کی تمام اسمبلی سیٹوں کے لیے آج ووٹنگ شروع ہو گئی۔ ریاست میں انتخابات کے سات مرحلوں میں سے دوسرے میں نو اضلاع میں پھیلے ہوئے 55 حلقوں میں اتر پردیش میں بھی پولنگ ہو رہی ہے۔

اس وقت تینوں ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے تینوں ریاستوں کے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ انھوں نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں سے جو آج ووٹ دینے کے اہل ہیں ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالنے اور جمہوریت کے تہوار کو تقویت دینے کی اپیل کرتا ہوں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دوپہر 3 بجے تک گوا میں 60.18 فیصد، اتر پردیش میں 51.93 فیصد اور اتراکھنڈ میں 49.24 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

پی ٹی آئی کے مطابق گوا میں 40 اسمبلی سیٹوں کے لیے کل 301 امیدوار مقابلہ کریں گے۔ گوا اس سال کثیر الجہتی مقابلہ کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ کانگریس، ترنمول کانگریس، عام آدمی پارٹی اور دیگر چھوٹی علاقائی پارٹیاں بی جے پی کے خلاف مقابلہ کر رہی ہیں۔

بی جے پی لیڈر اور وزیر اعلیٰ پرمود ساونت، کانگریس کے قائد حزب اختلاف دگمبر کامت، اور سابق وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے بیٹے اُتپل پاریکر انتخابات میں حصہ لینے والے نمایاں چہروں میں شامل ہیں۔

اتراکھنڈ میں 13 سے زیادہ اضلاع میں 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے جہاں 152 آزاد سمیت 632 امیدوار میدان میں ہیں۔

وہیں اترپردیش میں سہارنپور، بجنور، مرادآباد، سنبھل، رام پور، امروہہ، بڈاؤن، بریلی اور شاہجہاں پور اضلاع میں پھیلی 55 سیٹوں کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 586 امیدوار میدان میں ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر اضلاع میں مسلم اکثریتی آبادی ہے اور انھیں سماج وادی پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جو ریاست میں اپوزیشن میں ہے۔

تمام اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔