اتراکھنڈ: زیر تعمیر سرنگ منہدم ہونے سے 36 مزدور پھنسے
نئی دہلی، نومبر 12: اتوار کی صبح اتراکھنڈ میں برہمکھل-یمونوتری قومی شاہراہ پر زیر تعمیر سرنگ کا ایک حصہ منہدم ہونے کے سبب کم از کم 36 مزدور اس میں پھنس گئے۔
ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
یہ واقعہ ریاست کے اترکاشی ضلع کے سلکیارا اور دندلگاؤں گاؤں کے درمیان صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پولیس اور فائر بریگیڈ ریسکیو آپریشن کر رہے ہیں۔
اترکاشی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارپن یادوونشی نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’[نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے] ریکارڈ کے مطابق 36 کارکن اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ ہم ان سب کو بحفاظت بچا لیں گے۔‘‘
سرنگ کی تعمیر کرنے والی تنظیم نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ملازمین بھی موقع پر موجود تھے۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ وہ مسلسلس حکام سے رابطے میں ہیں۔